جموں و کشمیر کے اُری سیکٹر میں ایل او سی کے پاس بسے چرونڈا گاؤں میں اتوار کو شدید ٹھنڈ کے دوران تقریباً 4 بجے نئے سال کے جشن کی شروعات ہوئی۔
نیا سال شروع ہونے سے قبل کی شام ایک بڑا طبقہ جشن میں ڈوبا نظر آیا۔ اتوار کی نصف شب جب نئے سال کی شروعات ہوئی تو اس کی دھوم پاکستانی سرحد سے ملحق ایل او سی یعنی لائن آف کنٹرول پر بھی دیکھی گئی۔ ہندوستان فوج کے جوانوں نے مقامی لوگوں کے ساتھ مل کر ایل او سی سے ملحق گاؤں میں نئے سال کا جشن چائے پی کر اور رقص کرتے ہوئے منایا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جموں و کشمیر کے اُری سیکٹر میں ایل او سی کے پاس بسے چرونڈا گاؤں میں اتوار کو شدید ٹھنڈ کے دوران تقریباً 4 بجے نئے سال کے جشن کی شروعات ہوئی۔ جشن کے دوران فوجی اہلکار اور دیہی عوام نے ایک دوسرے کو یقین دلایا کہ وہ ہر خوشی و غم میں ایک ساتھ ہیں۔ دراصل جب بھی شہریوں کو کوئی مسئلہ پیش آتا ہے تو فوج سب سے پہلے آگے آتی ہے۔
مقامی سماجی کارکن لال حسن کوہلی کا کہنا ہے کہ ضرورت کے وقت عوام فوجیوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہوتے ہیں۔ نئے سال کا جشن فوج کی طرف سے منعقد کیا گیا تھا۔ میں اس کے لیے فوج کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور شکریہ ادا کرتا ہوں۔ لال حسن کہتے ہیں ’’جب بھی ہمیں کسی مشکل کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو فوج ہی ہماری مدد کے لیے آتی ہے۔ دشمن کو ہمارے علاقے میں داخل نہیں ہونے دینے کے لیے مقامی لوگ فوج کے شکرگزار ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہم سبھی اہم مواقع پر فوج کے ساتھ خوشیاں مناتے ہیں۔‘‘
گاؤں کے سرپنچ لال دین کھٹانا نے کہا کہ اس طرح کے جشن سے اچھا ماحول بنتا ہے۔ ہم ایل او سی پر زیرو پوائنٹ پر فوج کے ساتھ مل کر نئے سال کا جشن مناتے ہیں۔ یہ بہت اچھا پروگرام ہے اور ہم دعا کرتے ہیں کہ یہ روایت مستقبل میں بھی برقرار رہے۔ اس طرح گھر سے دور رہنے والے فوجیوں کو جشن منانے کا موقع ملتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
;