بھٹکل 31 ڈسمبر (ایس او نیوز)بھٹکل میں چوری کی پھر ایک واردات پیش آئی ہے جس میں چوروں نے الماریوں میں رکھی ہوئی قریب ایک لاکھ روپیوں پر ہاتھ صاف کرلیا ہے، تازہ واردات شہر کے ناگپا نائک روڈ پر جناب بدرالدُجیٰ برماور کی رہائش گاہ پر سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب کو پیش آئی جب اہل خانہ اسی علاقہ میں واقع اپنی دُختر کے گھر گئے تھے۔
جناب بدرالدجیٰ برماورنے بتایا کہ گھر پر سونا اور زیورات نہیں رکھے گئے تھے، البتہ نقد رقم موجود تھی، اُن کے مطابق چوروں نے الماریوں میں سونا اور زیورات نہ ملنے پر بیڈ رومس کے دروازوں سمیت الماریاں توڑ ڈالی ہیں اورغالباً زیورات نہ ملنے پرکافی توڑ پھوڑ کرکے پورا گھر کھنگال ڈالا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نقد رقم سے زیادہ چوروں نے قیمتی دروازوں اور الماریوں میں جس طرح کی توڑپھوڑ کی ہے، اس سے لاکھوں کا نقصان پہنچا ہے۔
Bhatkal hit by another theft: Damages to valuable cupboards and doors exceed stolen item values
مالک مکان کے مطابق ان کی بیٹی کی ڈیلیوری کی وجہ سے وہ اوران کی اہلیہ اپنی بیٹی کے گھر گئے تھے، اتوار صبح دس بجے جب وہ واپس اپنے گھر پہنچے تو داخلی دروازہ ٹوٹا ہوا تھا، گھر کے اندر داخل ہونے پر پتہ چلا کہ مقفل بیڈ رومس کے دروازے بھی توڑے گئے ہیں، بیڈر روم کی الماریاں بھی لاک کی ہوئی تھی، اُسے بھی توڑ کرکھولا گیا ہے۔ نیچے کے دوبیڈ روم کے ساتھ ساتھ پہلے مالہ پر واقع تین بیڈ روم میں بھی پہنچ کر چوروں نے پورا سامان تتر بتر کردیا تھا۔
اطلاع ملتے ہی ٹاون پولس اہلکار جائے وقوع پر پہنچے اورحالات کا جائزہ لیا۔ پولس کا خیال ہے کہ چورداخلی دروازے کو توڑ کر اندر داخل ہوئے ہوں گے اور نقد رقم لے کر پیچھے کے دروازے سے فرار ہوئے ہوں گے۔
گھر کے اطراف لگے سی سی ٹی وی فوٹیج کے مدد سے چوروں کا پتہ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ٹاون پولس تھانہ میں شکایت درج کی گئی ہے اور پولس معاملے کی چھان بین کررہی ہے۔